دو رکعت نماز بجا لائے کہ ہر رکعت میں سورۂ حمد کے بعد سات مرتبہ سورۂ قل ھو اللہ احد پڑھے۔ جب نماز سے فارغ ہو گا تو اس کے سبھی گناہ بخشے جا چکے ہوں گے۔
نماز دیگر
شیخ طوسیؒ نے مصباح میں اعمال روز جمعہ کے ذیل میں ذکر کیا کہ عبد اللہ بن مسعودؓ نے رسولؐ خدا سے روایت کی ہے کہ آپ نے فرمایا کہ جو شخص روز جمعہ نماز عصر کے بعد دو رکعت نماز بجا لائے کہ پہلی رکعت میں سورہ حمد، آیت الکرسی اور سورہ فلق پچیس مرتبہ پڑھے اور دوسری رکعت میں سورۂ حمد، سورۂ توحید اور سورۂ والناس پچیس مرتبہ پڑھے۔ جب نماز سے فارغ ہو تو پچیس مرتبہ کہے:
لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰهِ الْعَلِیِّ۔
نہیں کوئی طاقت وقوت مگر جو خدا سے ملتی ہے۔
پس حق تعالیٰ اسے خواب میں بہشت کی زیارت کرائے گا اور وہ بہشت میں اپنا مکان بھی دیکھ لے گا۔

مؤ لف کہتے ہیں سید ابن طاؤسؒ نے جمال الاسبوع کی فصل ۳۳ میں نماز بخشش گناہان نقل کی ہے اور فرمایا ہے کہ یہ نماز بڑی جلیل القدر اور عظیم الشان ہے جس کی معرفت اسرار الہی کے حامل کو حاصل ہو سکتی ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ تم اس نماز کے حق میں سستی کرو۔ اس کے خواہشمند حضرات کو مذکورہ کتاب کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔