جب سونے کا ارادہ کر لے تو بہتر ہے کہ موت کی تیاری کر کے سوئے یعنی باطہارت ہو اور گناہوں سے توبہ کرے ، اپنے دل کو دنیا کے جھمیلوں سے آزاد کرے ، موت کے وقت کو یاد کرے اور اس وقت کو بھی یاد کرے کہ جب قبر میں تنہا و بے کس ہو گا۔ اپنی وصیت لکھ کر سرہانے تلے رکھے اور یہ قصد کر کے سوئے کہ نماز تہجد کیلئے اُٹھے گا۔ کیونکہ مومن کا فخر اور اس کی دنیا و آخرت کی زینت رات کے آخری حصے میں نماز کی ادائیگی ہے۔ سوتے وقت سورہ توحید ،سورہ تکاثر اور آیۃالکرسی پڑھے اور بعد میں یہ دعا تین مرتبہ پڑھے:
الْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ عَلَا فَقَھَرَ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ بَطَنَ فَخَبَرَ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ مَلَكَ فَقَدَرَ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ یُحْیِی الْمَوْتَی وَیُمِیْتُ الْاَحْیَاءَ وَھُوَ عَلٰی كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ
الْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ عَلَا فَقَھَرَ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ بَطَنَ فَخَبَرَ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ مَلَكَ فَقَدَرَ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ یُحْیِی الْمَوْتَی وَیُمِیْتُ الْاَحْیَاءَ وَھُوَ عَلٰی كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ
اس کے بعد تسبیح حضرت زہراؑ پڑھے۔ دائیں پہلو پر لیٹ کر سوئے جیسے میت کو قبر میں لٹایا جاتا ہے کہ رہی جانکنی کے انداز میں سونے کی بات تو اس بارے میں ثقۃ الاسلام نوریؒ کتاب دار السلام میں فرماتے ہیں کہ مجھے کسی حدیث و روایت میں اس چیز کا ذکر نظر نہیں ملا البتہ غزالی نے یہ بات تحریر کی ہے، لیکن بہتر یہی ہے کہ سونے میں یہ انداز اختیار نہ کیا جائے اگر نماز تہجد کیلئے بیدار ہونا چاہتا ہے لیکن نیند کے غلبے کا اندیشہ ہو تو سورہ کہف کی یہ آخری آیت پڑھ کر سو جائے۔
قُلْ اِنَّمَا ٲَنَا بَشَرٌ مِثْلُكُمْ یُوْحٰی اِلَیَّ ٲَنَّمَا اِلٰھُكُمْ اِلٰہٌ وَاحِدٌ فَمَنْ كَانَ یَرْجُوْ لِقَاءَ رَبِّہٖ فَلْیَعْمَلْ عَمَلًا صَالِحًا وَلَا یُشْرِكْ بِعِبَادَۃِ رَبِّہٖ ٲَحَدًا
کہو بس کہ میں تمہارے جیسا بشر ہوں مجھ پر وحی آتی ہے، یقیناً تمہارا معبود خدائے یکتا ہے جو شخص اپنے رب سے ملاقات کی تمنا رکھتا ہے پس وہ نیک عمل کرے اور اپنے رب کی عبادت میں کسی کو شریک نہ بناے۔
امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت ہے کہ جو شخص بھی سوتے وقت اس آیت کی تلاوت کرے تو جس وقت بیدار ہونے کا ارادہ کرے وہ ٹھیک اسی وقت بیدار ہو گا اگر بچھو یا کسی دوسرے جاندار سے ڈسے جانے کا خوف ہو تو یہ دعا پڑھے، امام محمد باقرؑ نے اس دعا کے پڑھنے والے ہر شخص کو رات سے صبح تک بچھو اور دوسرے حشرات سے ڈسے نہ جانے کی ضمانت دی ہے اور وہ دعا یہ ہے:
ٲَعُوْذُ بِكَلِمَاتِ ﷲِ التَّامَّاتِ الَّتِیْ لَا یُجَاوِزُھُنَّ بَرٌّ وَلَا فَاجِرٌ مِنْ شَرِّ مَا ذَرَٲ وَمِنْ شَرِّ مَا بَرَٲ وَمِنْ شَرِّ كُلِّ دَابَّۃٍ، ھُوَ اٰخِذٌ بِنَاصِیَتِہَا اِنَّ رَبِّیْ عَلٰی صِرَاطٍ مُسْتَقِیْمٍ۔
میں خدا کے کامل کلمات کے ذریعے پناہ لیتا ہوں کہ جن سے کوئی نیک وکار و بدکار آگے نہیں نکل سکتا ہر مخلوق کے شر، ہر متحرک چیز کے شر اور ہر زمین پر چلنے والے کے شر سے، کہ ان کی مہار خدا کے ہاتھ میں ہے یقیناً میرے رب کا راستہ صراط مستقیم ہے۔
اگر احتلام ہونے کا اندیشہ ہو تو یہ دعا پڑھے اور سو جائے ۔
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ ٲَعُوْذُ بِكَ مِنَ الْاِحْتِلَامِ وَمِنْ سُوْءِ الْاَحْلَامِ وَمِنْ ٲَنْ یَتَلَاعَبَ بِی الشَّیْطَانُ فِی الْیَقَظَۃِ وَالْمَنَامِ۔
اے معبود! میں تیری پناہ لیتا ہوں احتلام اور برے خیالات سے اور اس بات سے کہ شیطان سوتے جاگتے میں میری زندگی کو کھیل بنائے
اگر اس بات کا ڈر ہو کہ مکان گر جائے گا یا چھت گر پڑے گی تو یہ دعا پڑھے:
اِنَّ ﷲَ یُمْسِكُ السَّمٰوَاتِ وَالْاَرْضَ ٲَنْ تَزُوْلَا وَلَئِنْ زَالَتَا اِنْ ٲَمْسَكَھُمَا مِنْ ٲَحَدٍ مِنْ بَعْدِھِ اِنَّہٗ كَانَ حَلِیْمًا غَفُوْرًا
بے شک اللہ نے آسمانوں اور زمین کو تھام رکھا ہے کہ سرک نہ جائیں اگر وہ سرک جائیں تو پھر ان کو سوائے اس کے کوئی بھی نہیں تھام سکتا یقیناً وہ بڑا بردبار بہت بخشنے والا ہے۔
اگر گھر میں چوری ہونے کا خطرہ ہو تو سورہ بنی اسرائیل کی یہ آیت (110) پڑھ کر سوئے جس کا آغاز یوں ہوتا ہے ۔
قُلِ ادْعُوا ﷲَ ٲَوِ ادْعُوا الرَّحْمٰنَ .....
کہہ دو کہ اللہ کو پکارو اور رحمن کو پکارو
سوتے وقت آنکھوں میں سرمہ لگا کر سونا چاہیے چار سلائیاں دائیں آنکھ میں اور تین سلائیاں بائیں آنکھ میں لگائے اور سرمہ لگاتے وقت یہ دعا پڑھے:
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ ٲَسْٲَلُكَ بِحَقِّ مُحَمَّدٍ وَاٰلِ مُحَمَّدٍ ٲَنْ تُصَلِّیَ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَاٰلِ مُحَمَّدٍ وَٲَنْ تَجْعَلَ النُّوْرَ فِیْ بَصَرِیْ وَالْبَصِیْرَۃَ فِیْ دِیْنِیْ، وَالْیَقِیْنَ فِیْ قَلْبِیْ وَالْاِخْلَاصَ فِیْ عَمَلِیْ، وَالسَّلَامَۃَ فِیْ نَفْسِیْ وَالسَّعَۃَ فِیْ رِزْقِیْ وَالشُّكْرَ لَكَ ٲَبَدًا مَا ٲَبْقَیْتَنِیْ اِنَّكَ عَلٰی كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ
اے معبود میں بواسطہ محمدؐ و آل محمدؑ تجھ سے سوال کرتا ہوں کہ سرکار محمدؐ و آل محمدؐ پر رحمت کا نزول فرما اور یہ کہ میری آنکھوں میں نور، میرے دین میں دانش اور میرے دل میں یقین اور میرے عمل میں اخلاص اور میرے نفس میں سلامتی میری روزی میں کشائش قرار دے اور تا دم آخر مجھے اپنا شکرگزار بنا دے بے شک تو ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے
بہتر یہ کہ صبح صادق سے طلوع آفتاب تک کے درمیانی وقت اور عصر کے بعد سونے سے اجتناب کرے اور جب رات کو سونے لگے تو چراغ گل کر کے قبلہ رخ ہو کر سوئے جس چھت کے اطراف میں جنگلہ نہ بنا ہو اس پر نہ سوئے اور جو خواب بھی دیکھے ہر کسی کو نہ بتا ئے بلکہ صرف عالم ،خیر خواہ اور مہربان شخص ہی سے بیان کرے۔