بہت سی روایات میں ہے کہ آنکھ کا درد ختم کرنے کے لئے فجر اور مغرب کی نماز کے بعد یہ دعا پڑھے:
اللّٰھُمَّ اِنِّیْ ٲَسْٲَلُكَ بِحَقِّ مُحَمَّدٍ وَاٰلِ مُحَمَّدٍ عَلَیْكَ
اے معبود میں سوال کرتا ہوں محمدؐ وآل محمدؐ کے اس حق کے واسطے سےجو تجھ پر ہے
ٲَنْ تُصَلِّیَ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَاٰلِ مُحَمَّدٍ
کہ تو رحمت فرمائے محمدؐ اور آلؑ محمدؐ پر
وَٲَنْ تَجْعَلَ النُّوْرَ فِیْ بَصَرِیْ
اور یہ کہ میری آنکھوں میں روشنی قرار دے
وَالْبَصِیْرَۃَ فِیْ دِیْنِیْ
میرے دین میں سمجھ عطا کر
وَالْیَقِیْنَ فِیْ قَلْبِیْ
میرے دل میں یقین پیدا فرما
وَالْاِخْلَاصَ فِیْ عَمَلِیْ
عمل میں خلوص دے
وَالسَّلَامَۃَ فِیْ نَفْسِیْ
میرے دل کو مطمئن رکھ
وَالسَّعَۃَ فِیْ رِزْقِیْ
میرے رزق میں کشادگی دے
وَالشُّكْرَ لَكَ ٲَبَدًا مَا ٲَبْقَیْتَنِیْ۔
اور جب تک زندہ ہوں مجھے اپنا شکر گزار بنائے رکھ۔

نیز بزنطی نے یونس بن ظبیان سے روایت کی ہے کہ ہم امام جعفر صادق علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوئے تو دیکھا کہ آپؑ کی آنکھوں میں شدید درد تھا۔ یہ حالت دیکھ کر ہم بہت افسردہ ہوئے مگر دوسرے روز جب ہم آپؑ کے پاس آئے تو دیکھا آنکھیں بالکل ٹھیک ہوچکی ہیں۔ ہم نے عرض کی ہم آپؑ پر قربان ہو جائیں آپؑ نے کس چیز سے آنکھوں کا علاج کیا ہے؟ فرمایا ہم نے معالجے کی چیزوں میں سے ایک چیز سے علاج کیا ہے۔ ہم نے پو چھا کہ وہ کیا ہے فرمایا کہ وہ ایک تعویذ تھا جسے ہم نے لکھا اور وہ یہ ہے ۔
ٲَعُوْذُ بِعِزَّۃِ ﷲِ، وَٲَعُوْذُ بِقُوَّۃِ ﷲِ
پناہ لیتا ہوں خدا کی عزت کی، پناہ لیتا ہوں خدا کی قوت کی
وَٲَعُوْذُ بِقُدْرَۃِ ﷲِ، وَٲَعُوْذُ بِنُوْرِ ﷲِ
پناہ لیتا ہوں خدا کی قدرت کی، پناہ لیتا ہوں خدا کے نور کی
وَٲَعُوْذُ بِعَظَمَۃِ ﷲ، وَٲَعُوْذُ بِجَلَالِ ﷲِ
پناہ لیتا ہوں خدا کی بزرگی کی، خدا کے دبدبے کی
وَٲَعُوْذُ بِجَمَالِ ﷲِ، وَٲَعُوْذُ بِبَہَاءِ ﷲِ
پناہ لیتا ہوں خدا کی زیبائی کی، پناہ لیتا ہوں خدا کی تابانی کی
وَٲَعُوْذُ بِجَمْعِ ﷲ۔
اور پناہ لیتا ہوں خدا کے سب کچھ کی
ہم نے پوچھا کہ خدا کا سب کچھ کیا ہے؟ آپؑ نے فرمایا
بِكُلِّ ﷲِ
اللہ کی ہر چیز کے ساتھ پناہ لیتا ہوں
وَٲَعُوْذُ بِعَفْوِ ﷲِ، وَٲَعُوْذُ بِغُفْرَانِ ﷲِ
خدا کے در گزر کی پناہ لیتا ہوں، خدا کی بخشش کی پناہ لیتا ہوں
وَٲَعُوْذُ بِرَسُوْلِ ﷲِ وَٲَعُوْذُ بِالْاَئِمَّۃِ
خدا کے رسول کی پناہ لیتا ہوں اور آئمہ کہ پناہ لیتا ہوں
یہاں پر ہر امام کا نام لیا اور پھر فرمایا
عَلٰی مَا نَشَاءُ مِنْ شَرِّ مَا ٲَجِدُ اَللّٰھُمَّ رَبَّ الْمُطِیْعِیْنَ۔
اس پر کہ جو تکلیف محسوس کرتا ہوں پناہ لیتا ہوں اے معبود اطاعت گزاروں کے رب کی۔
علاوہ ازیں آنکھ کے درد کیلئے یہ بھی وارد ہوا ہے کہ آنکھ پر آیت الکرسی پڑھے اور دل میں اس بات کا یقین رکھے کہ دور ہو جائے گا ۔اگر آیت الکرسی پڑھنے سے پہلے آنکھوں پر ہاتھ رکھ کر یہ دعا پڑھے تو بھی صحیح ہے ۔
ٲُعِیْذُ نُوْرَ بَصَرِیْ بِنُوْرِ ﷲِ الَّذِیْ لَا یُطْفَٲ
میں اپنی آنکھوں کے نور کو خدا کے نور کی پناہ میں دیتا ہوں جو بجھتا نہیں ۔

اور یہ نظر کی کمزوری کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔ نیز نظر کی کمزوری اور رتوندھے کو دور کرنے کے لئے آیتِ نور متعدد بار کسی برتن پر لکھ کر دھوئے اور اس پانی کو کسی شیشی میں ڈال کر پھر اس کو سلائی سے آنکھوں میں لگاتا رہے۔ نیز روایت میں ہے کہ جو شخص قرآن دیکھ کر ﴿ناظرہ﴾ پڑھے تو اس کی آنکھوں کو اس سے فائدہ پہنچے گا اور نظر ٹھیک رہے گی۔ اور جو شخص روزانہ
فَجَعَلْنَاہُ سَمِیْعًا بَصِیْرًا
پس ہم نے اسے سننے دیکھنے والا بنایا
کہے تو اس کی آنکھیں ہر آفت سے محفوظ رہیں گی۔

شیخ کفعمیؒ فرماتے ہیں کہ اس بات کا تجربہ اور آزمائش کی جا چکی ہے کہ آنکھ کے درد اور جسم کے تمام اعضا کے دروں کیلئے امام موسیٰ کاظم علیہ السلام سے توسل کیا جائے ۔