کسی تختی یا پتری پر سورۂ حمد، سورۂ توحید، سورۂ فلق اور سورۂ ناس لکھے اور ان کے نیچے یہ دعا تحریر کرے
ٲَعُوْذُ بِوَجْہِ ﷲِ الْعَظِیْم وَبِعِزَّتِہِ الَّتِیْ لَا تُرَامُ
پناہ لیتا ہوں خدائے بزرگ ذات اور عزت کی جس تک رسائی نہیں
وَبِقُدْرَتِہِ الَّتِیْ لَا یَمْتَنِعُ مِنْہَا شَیْءٌ
اور اس کی قدرت کی پناہ جسے کوئی چیز نہیں روک سکتی
مِنْ شَرِّ ہٰذَا الْوَجَعِ وَمِنْ شَرِّ مَا فِیْہِ
اس درد کی تنگی سے جو کچھ اس میں ہے اس کی اذیت سے
وَمِنْ شَرِّ مَا ٲَجِدُ مِنْہُ
اور جو محسوس کر رہا ہوں اس کی تکلیف سے
پھر اسے بارش کے پانی سے دھوئے اور اس دھون کو ناشتے کے وقت اور رات کو سوتے وقت پئے کہ انشاء اللہ بابرکت اور مفید ہو گا۔
پیٹ درد اور قولنج کا تعویذ
روایت میں آیا ہے ایک شخص حضرت رسول خدا کی خدمت میں حاضر ہوا اور اپنے بھائی کے پیٹ درد کی شکایت کی تو آنحضرتؐ نے اس سے فرمایا اپنے بھائی سے کہو کہ گرم پانی میں شہد کا شربت بنا کر پیئے۔ وہ شخص چلا گیا اور دوسرے دن آنجنابؐ کی خدمت میں آیا اور عرض کیا میں نے اسے وہ شربت پلایا ہے کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ حضرتؐ نے فرمایا:
صَدَقَ ﷲُ وَكَذَبَ بَطْنُ اَخِیْكَ۔
خدا نے سچ فرمایا اور تیرے بھائی کے شکم نے جھوٹ بولا
جاؤ اسے شہد کا شربت دو اور سات مرتبہ سورۂ حمد پڑھ کر پلاؤ۔ جب وہ شخص چلا گیا تو آنحضرتؐ نے حضرت علی المرتضی علیہ السلام سے فرمایا: یا علیًؑ اس کا بھائی منافقوں میں سے ہے اس لئے اس شربت نے اسے فائدہ نہیں پہنچایا۔